شدید زلزلے کے بعد عمارتوں کو نقصان پہنچنے، لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات

لاہور شدید زلزلے کے بعد عمارتوں کو نقصان پہنچنے، لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات، دوبارہ زلزلہ آنے کے خدشے کے پیش نظر پنجاب کے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات کو ایک مرتبہ پھر ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے انتہائی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی رات کو لاہور، اسلام آباد، پشاور، گلگت بلتستان، ملتان، سوات، چترال، راولپنڈی، آزاد کشمیر، ہنزہ، اسکردو، مردان، وزیرستان، قلعہ عبداللہ، پشین سمیت ملک کے کئی شہروں میں شدید زلزلہ آیا جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
اس دوران لوگ مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ اور اللہ اکبر اللہ اکبر کا ورد کرتے رہے۔
تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کی شدت، مرکز اور گہرائی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 6 عشاریہ 4، گہرائی 80 کلومیٹر اور مرکز تاجکستان تھا۔ ماہرین نے اتنے شدید زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنے کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت بڑے پیمانے پر آنے والا زلزلہ تھا۔ اس زلزلے کے بعد آج رات اگلے چند گھنٹے اہم ہیں۔ خدشہ ہے کہ اگلے چند گھنٹوں کے دوران آفٹر شاکس محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہیں۔ خاص کر خیبرپختوںخوا کا سوات ریجن آئے روز زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔ تاہم اب ایک ساتھ ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ جبکہ پاکستان کے علاوہ بھارت، افغانستان اور چین سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی شدید زلزلہ آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پڑوسی ممالک میں 7 سے زائد شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں