تعلیم سے متعلق بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، شفقت محمود

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہناہے کہ اگر بچے تعلیمی اداروں میں خوش نہ ہوتے تو چھٹیوں‌ میں‌ مزید توسیع کردیتا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنا مشکل فیصلہ تھا تاہم کورونا ویکسینیشن کے بعد اب ہم معمول کے شیڈول پر آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگربچےتعلیمی اداروں میں خوش نہ ہوتےتو مزید چھٹیاں دے دیتا تاہم یہاں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تعلیم کےبغیر قومیں ترقی نہیں کرتیں، تعلیم سے متعلق بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

شفقت محمود کی تقریر کے دوران طلبا نے آن لائن امتحانات کے نعرے بھی لگائے جس پر وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے، ہمیں ابھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ الیکشن میں مسلم لیگ ن جیتی تو سب اچھا تھا تاہم ڈسکہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی جیت پر واویلا مچا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ کی پسند کے مطابق فیصلے ہوں تو سب ٹھیک ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت ہوگی، اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، اسلام آباد سے سینیٹ کی نشستیں جیتیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں