پی پی 51 وزیرآباد میں حالات کشیدہ، پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے

ضمنی الیکشن کے سلسلے میں دوران پولنگ 2 افراد کے قتل کے کیس میں رہنما ن لیگ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کی تیاریاں
وزیرآباد (ای نیوز نیٹ ورک آن لائن۔ 20 فروری 2021ء) پی پی 51 وزیرآباد میں حالات کشیدہ، پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی تحصیل وزیرآباد میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرآباد میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں دوران پولنگ 2 افراد کے قتل کے کیس میں رہنما ن لیگ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
رانا ثناء اللہ وزیرآباد میں ایک ن لیگی رہنما کے گھر پر موجود ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری ان کی گرفتاری کیلئے وہاں پہنچ چکی۔ پولیس نے شہر کے حالات مزید خراب ہونے کے پیش نظر شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے ہیں۔ جبکہ پی پی 51 وزیرآباد کے الیکشن نتائج کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اب تک ن لیگ کی امیدوار کو برتری حاصل ہے۔
پی پی 51 وزیرآباد میں 97 پولنگ اسٹشینز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار بیگم طلعت محمود 32530 ووٹ کے ساتھ پہلے اور تحریک انصاف کے چودھری یوسف 29901 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں این اے 75 ڈسکہ اور این اے 45 کرم پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی 69 ہزار 520 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کی نوشین افتخار 68 ہزار 955 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
جبکہ این اے 45 کرم میں 113 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 11430 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 10360 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔ دوسری جانب پی کے 63 نوشہرہ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں