پارٹی گرل دنانیر مبین نے مستقبل کے حوالے سے ارادے ظاہر کردیے

پارٹی کہنا آتا ہے لیکن پاوری کہنا زیادہ پسند کیا گیا،مستقبل میں سی ایس ایس کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں، دنانیر مبین

لاہور (ای نیوز نیٹ ورک آن لائن، 17 فروری 2021ء) پارٹی گرل دنانیر مبین نے مستقبل کے حوالے سے ارادے ظاہر کردیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق 4 سیکنڈ کی ویڈیو سے شہرت پانے والی دنانیر مبین نے اپنے مستقبل کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مستقبل میں سی ایس ایس کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کہنا آتا ہے لیکن پاوری کہنا زیادہ پسند کیا گیا ۔
انہوں نے پروگرام میں پارٹی کا لفظ بول کر بھی دکھایا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے گانا بھی گایا ۔ واضح رہے کہ بی بی سی سمیت دیگر ٹی وی چینلز کو دئے گئے انٹرویوز میں دنانیر نے بارہا کہا کہ میں نے یہ ویڈیو وائرل ہونے کا سوچ کر یا ایسی کسی نیت سے نہیں بنائی تھی ، انہوں نے بتایا کہ نتھیا گلی گھومنے کے بعد جب ایک مقام پر کھانا کھانے کے لیے رُکی تو اس وقت اچانک سے موبائل نکال کر میں نے یہ ویڈیو بنائی اور اپ لوڈ کر دی، مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ یہ ویڈیو اتنی وائرل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے صرف انسٹاگرام پر موجود اپنے فالوورز کو ہنسانے کے لیے یہ ویڈیو بنائی تھی لیکن میں لوگوں کی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے اس کو پسند کیا۔ خیال رہے کہ پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر دنا نیر کی ایک ویڈیو گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔ اس ویڈیو میں دنانیر نے اپنے مخصوص لہجے میں کہا کہ ”یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارری ہو رہی ہے”۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس قدر وائرل ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اسے نہ صرف پاکستان میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا بلکہ اسے سرحد پار بھارت میں بھی خاصی مقبولیت حاصل ہوئی، دنانیر کی اس ویڈیو پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کی تعداد سے دیکھنے والوں کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ دنانیر کی اس ویڈیو کی مقبولیت کے بعد بھارت کے معروف یوٹیوبر یشراج مکھاٹے نے ان کی ویڈیو پر ایک ریپ گانا بھی تیار کیا جسے خوب پسند کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں